
سڑک پر پیدل چلنے والوں کے لیے انتہائی اہم معلومات
سڑک کو استعمال کرنے والے لوگ تین طرح کے ہوتے ہیں
پیدل چلنے والے افراد
ڈرائیورز حضرات
موٹر سائیکل سوار
پیدل چلنے والے افراد کے لیے ہدایات
جہاں بھی اوور ہیڈ بریج موجود ہو تو پیدل چلنے والے اشخاص کو اس کا استعمال کرنا چاہیے یا جہاں زیبرا کراسنگ موجود ہو اس کا استعمال کرتے ہوئے پہلے دائیں پھر بائیں اور پھر دائیں دیکھ کر تسلی کر لیں کہ اب سڑک پار کرنا محفوظ ہے۔ ہمارے ہاں موٹر سائیکل سوار بھی پیدل چلنے والے پل اور فٹ پاتھ پر چڑھ دوڑتے ہیں یہ فعل انتہائی قابل مزمت ہے۔ کوشش کریں کہ گھر سے 15 منٹ پہلے نکل آئیں تاکہ آپ سڑک پر جلد بازی سے اجتناب کریں اور حادثات سے بچیں۔ ایک اور اہم بات کہ اپنی سڑکوں کو صاف ستھرا رکھیں سگریٹ، شاپر، تھوک اور کوڑا کرکٹ سڑکوں پر مت پھینکیں یہ ایک انتہائی غیر مہذب حرکت ہے۔ اگر آپ کو ایمبولینس، آگ بجھانے والی گاڑی، پولیس یا کسی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے والی گاڑی کو نیلی،سرخ یا زرد بتیاں جلتے بجھاتے یا سائرن بجاتے دیکھیں یا سنیں تو آپ سڑک کو فی الفور چھوڑ کر ایک طرف ہٹ جائیں اور انہیں راستہ دیں کیونکہ یہ گاڑیاں ایمرجنسی میں ہوتی ہیں اور تیزی سے اپنی منزل کی جانب رواں ہوتی ہیں۔
پیدل چلنے والے افراد دیکھیں اور دکھنے والے محاورہ پر عمل کریں مثلاً پیدل چلنے والے افراد ڈرائیورز کو دیکھیں اور اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کریں۔پیدل چلتے ہوئے ہمیشہ فٹ پاتھ کا استعمال کریں اور پیدل چلتے ہوئے اپنا رُخ ہمیشہ سامنے سے آنے والی ٹریفک کی جانب رکھیں تاکہ آپ سامنے سے آنے والی ٹریفک کو دیکھ سکیں۔ رات کو سڑک پر چلتے ہوئے ہمیشہ اس بات کا خیال رکھیں کہ سامنے سے آنے والا ڈرائیور آپ کو واضع دیکھ سکے۔ رات کو ایسے کپڑے پہنیں جو روشنی کو منعکس کرتے ہوں اگر آپ ک پاس ایسے کپڑے نہ ہو تو اپنے ہاتھ میں ٹارچ یا موبائل کی روشنی آن کر لیں تاکہ اندھیرے میں ڈرائیور کو پتہ چل جائے کہ کوئی آ رہا ہے۔
پیدل چلتے وقت اگر بچے آپ کے ساتھ ہیں تو انہیں کسی بھی صورت سڑک والی سائیڈ پر نہ چلنے دیں بلکہ خود سڑک والی سائیڈ پر چلیں۔ ان کا ہاتھ مضبوطی سے تھام کر رکھیں اگر ممکن ہو تو چھوٹے بچوں کو بے بی کارٹ میں بٹھا کر سڑک پر آئیں۔
بس پر اُس وقت سوار ہوں یا اُتریں جب یہ مکمل کھڑی ہو چکی ہو سواریاں بٹھاتی ہوئی یا اتارتی ہوئی بس کے پیچھے یا سامنے سے کبھی بھی سڑک پار نہ کریں بس کے چلنے کا انتظار کریں تاکہ آپ دونوں اطراف کی سڑک کو بالکل صاف دیکھ سکیں بس میں سوار ہوتے وقت بچوں کو پہلے سوار کریں اور اترتے وقت خود پہلے اتریں جبکہ اندھے موڑ پر کبھی سڑک پار مت کریں اس کے علاوہ ریلے کی پٹڑی پر مت چلیں اور پھاٹک پر مزید احتیاط کریں۔ سڑک کراس کرتے وقت ڈرائیور سے اپنی آئی کونٹکٹ کو لازمی بنائیں تاکہ اس کو یقین ہو جائے کہ آپ سڑک پار کرنے لگے ہیں۔روڈ کراس کرتے وقت موبائل فون کا استعمال ہر گز نہ کریں یہ جان لیوا بھی ہو سکتا ہے۔