رات میں ڈرائیونگ کی ناقابل فرموش ہدایات

رات میں ڈرائیونگ کی ہدایات

رات کے وقت گاڑی چلانا ہم میں سے کافی لوگوں کے لیے کسی معرکہ سے کم نہیں ہے۔ گاڑی سیکھنے والے افراد اور نئے چلانے والے لوگ رات کے اوقات میں گاڑی چلانے سے ڈرتے ہیں کیونکہ ان کا تجربہ نا کافی ہوتا ہے۔ گھبراہٹ میں گاڑی چلانا کسی نا خوشگوار صورتحال کا پیش خیمہ ہو سکتا ہے۔ روشنی کی کمی کے باعث رات کے اوقات میں گاڑی چلانا نہ صرف ڈرائیورز بلکہ سڑک کو استعمال کرنے والے باقی افراد بشمول پیدل چلنے والے افراد کے لیے بھی خطرناک ہو سکتا ہے۔

کچھ لوگ کم دکھائی دینے کی وجہ سے ہائی بیم لائیٹ کا متواتر استعمال کرتے ہیں جو کہ باقی لوگوں کے لیے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیتا ہے۔ نیچے دیئے گئے سادہ اور آسان سے نقاط پر عمل پیرا ہو کر آپ اپنے رات کے سفر کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔ اگرچہ یہ کچھ بنیادی نقاط ہیں مگر بہت سے لوگ انہیں نظر انداز کر دیتے ہیں۔ اپنے رات کے سفر کو محفوظ بنانے کے لیے آپ کو ان نقاط پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔

گاڑی کی تمام کھڑکیوں کو صاف رکھیں:۔

یہ ایک سادہ مگر اہم معاملہ ہے کہ گاڑی کے تمام شیشوں کی بیرونی اور اندرونی سطح کو صاف رکھیں بالخصوص اپنی ونڈ سکرین کو جو باہر سے تو گندی ہو ہی جاتی ہے مگر اندرونی طرف بھی ایک باریک طہ جما لیتی ہے۔ یاد رکھیں کے ونڈ سکرین کے اندرونی سطح سگریٹ نوشی، ہیٹر یا اے سی، بلور کی ہوا کی وجہ سے گندی ہو سکتی ہے جس کی صفائی ضروری ہوتی ہے۔

یہ تمام عوامل دن کی چکا چوند روشنی میں تو محسوس نہیں ہوتے مگر رات کے وقت اُبھر کر سامنے آ جاتے ہیں اور آپ کی دیکھنے کی حس کو متاثر کرتے ہیں۔ خاص طور پر جب سامنے سے آنے والی کوئی گاڑی فل لائیٹس آن کر کے آ رہی ہو تو یہ صورتحال کسی عذاب سے کم نہیں لگتی۔ آپ اس سطح کو پانی اور سرکہ کے محلول سے بآسانی صاف کر سکتے ہیں۔

گاڑی کے تمام آئینہ صاف رکھیں:۔

اپنی گاڑی کے تمام آئینوں کو اسی محلول سے صاف رکھیں اور انہیں ہاتھ یا انگلی لگانے سے پرہیز کریں۔ انگلی کی قدرتی گریس آئینے پر ایک نشان چھوڑ جائے گی جو کو دوسری گاڑیوں کی روشنی پڑنے پر آپ کو متاثر کرے گی۔ اس امر کو یقینی بنائیں کے آپ کے آئینے چکنائی سے صاف ہوں کیونکہ یہ رات کی روشنی کر مزید بڑھا دیتے ہیں۔ اپنے تمام آئینے اس طرح سے منظم کریں کے آپ کے پیچھے سے آنے والی لائیٹ سے کم مزاحمت ہو۔

گاڑی کی ہیڈ لائیٹس کو صاف رکھیں:۔

اگر آپ اپنی گاڑی کی ہیڈ لائیٹس کو صاف رکھیں گے تو یہ نہ صرف آپ کو مدد دے گی بلکہ باقی ڈرائیورز کو بھی کم متاثر کرے گے۔ چونکہ گندی ہیڈ لائیٹس اس کی روشنی کو منعکس کر سکتی ہے اور سامنے سے آنے والی گاڑی کو متاثر بھی۔ لیکن اس کا صاف رکھنے کا زیادہ فائدہ بہرحال آپ کو ہی ہو گا کیوں کہ آپ کی ہائی اور لو بیم بالکل صحیح معیار پر کام کرے گی اور آپ کا گاڑی چلانے میں آسانی ہو گی۔

اپنی بینائی کا چیک اَپ کروائیں:۔

ہم سے بہت سے افراد اس معمولی بات کو نظر انداز کر دیتے ہیں حالانکہ وقتاً فواقتاً ہمیں اپنی بینائی چیک کرواتے رہنا چاہیے کیونکہ عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ اس کے متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ یا رات کے وقت مسلسل سے گاڑی چلانا اور سامنے سے آنے والی روشنی آپ کی بینائی کو متاثر کرنے کی ایک بڑی وجہ بن سکتی ہے کالا اور سفید موتیا بشمول گلوکاما نامی بیماریاں رات کے وقت آپ کی ڈرائیونگ پر اثر انداز ہوتی ہیں۔

سامنے سے آنے والی روشنی کو مت دیکھیں:۔

دوطرفہ ٹریفک والی سڑک یا اونچی نیچی اور نا ہموار سڑک پر سامنے سے آنی والی گاڑی کی ہیڈ لائیٹس آپ کو پریشان یا گھبراہٹ کا شکار بنا سکتی ہیں اپنی آنکھوں کو اِن سے حد ممکن بچائیں۔ اپنی توجہ سڑک کی درمیانی لکیر اور ہارڈ شولڈر پر مرکوز رکھیں۔ بے شک اپنی رفتار کو کم کرلیں یا بالکل ہی رک جائیں تاہم خیال رہے کے رکنے کے اس عمل میں پیچھے سے آنے والا کوئی متاثر نہ ہو۔ یاد رکھیں کے رک جانے آپ کے لیے سامنے سے آنے والی روشنی کے خطرناک نتائج سے بہت بہتر ہے۔

سینٹر ویو شیشے کا انتخاب:۔

گاڑی کے اندر والے سینٹر ویو شیشے کا انتخاب کرتے وقت ایسا شیشیہ لگوائیں جو روشنی کو کم یا بالکل ہی منعکس نہ کرتا ہو۔ ایسے شیشے اب ہمارے ہاں بھی آسانی سے مل جاتے ہیں۔ یہ شیشہ رات کے اوقات میں پیچھے سے آنے والی گاڑیوں کی چکا چوند روشنیوں سے آپ کو بچائے گا۔

رات کے اوقات میں لائیٹس کے استعمال کا طریقہ کار:۔

سورج غروب ہونے سے لیکر طلوع ہونے تک آپ کو اپنی گاڑی کی لائیٹس کے استعمال کو یقنی بنانا چاہیے اس کے ساتھ اس امر کو بھی کہ تمام لائیٹس صحیح طریقے سے کام کر رہی ہوں۔ رات کے اوقات میں ٹریفک پولیس بدوں اور غیر نمونہ لائٹس موٹر سائیکل اور گاڑیوں کو روک کر اُن کا چالان بھی کر سکتی ہے۔

رات کے وقت اوور ٹیکنگ کرنا:۔

دن کی نسبت رات میں اوور ٹیکنگ زیادہ احتیاط سے کرنے والا کام ہے کیونکہ ہماری حدِ نگاہ کم ہو جاتی ہے لہٰذا انتہائی احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔ رات کے اوقات میں آپ کو ہرگز اوور ٹیک نہیں کرنا چاہیے اگر آپ:۔

کسی موڑ کے پاس ہیں

کسی پہاڑی علاقہ میں ہیں جہاں سامنے سے آنے والی گاڑی نظر نہ آ رہی ہو

پیدل سڑک پار کرنے کی جگہ یا زیبرا کراسنگ پرہوں

کسی چوک پرہوں

آپ ڈبل لائن یا مسلسل سفید لائن پر موجود ہوں

شہری علاقوں میں رات کے وقت ڈرائیونگ:۔

شہری علاقے کیونکہ میونسپل یا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں اس لیے یہاں رات کے اوقاتِ کار میں مناسب روشنی کا بندوبست ہوتا ہے لہٰذا یہاں آپ کو کم بیم پر گاڑی چلانی چاہیے۔ تاہم پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کا خیال رکھیں۔

دیہی علاقوں میں رات کے وقت ڈرائیونگ:۔

رش کم ہونے کی وجہ سے دن کے اوقات میں یہاں ڈرائیونگ کافی آسان ہوتی ہے مگر رات میں اتنی ہی خطرناک۔ اس کی بڑی وجہ رفتار کی زیادتی اور ممکنہ خطرات سے لا علمی ہے یہی وجہ ہے کہ رات کے اوقات میں دیہی علاقوں میں رونما ہونے والے حادثات انتہائی مہلک اور جان لیوا ہوتے ہیں۔ یہاں چند بڑی وجوہات کو بیان کیا جا رہا غور فرمائیں:۔

رفتار کے ساتھ سامنے آنے والی موڑ کی شدت کو نظر انداز کرنا

موڑ پر سامنے سے آنے والی عام اور زرعی گاڑیوں کی ماہیت کا غلط اندازہ لگانا

بارش کے موسم میں سڑک پر موجود کسی گڑھے میں پانی بھر جانے کی وجہ

تیزرفتاری سے چلتے ہوئے سڑک پار کرنے والے مویشیوں، پیدل چلنے والوں اور موٹر سائیکل سواروں کی توقع نہ کرنا

دیہی علاقوں میں رات کے وقت مناسب رفتار اور منصوبہ بندی سے گاڑی چلانے کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔ ہمیشہ مناسب رفتار سے گاڑی چلائیں تاکہ آپ کسی بھی وقت رکنے کی حالت میں ہوں۔ بارش میں دھند میں محفوظ طریقے سے گاڑی چلائیں اور چوکنے رہیں پیش آنے والے خطرات سے ہمہ وقت ہوشیار رہیں۔

موٹر وے پر رات کے وقت گاڑی چلانا:۔

ہمارے ہاں موٹر وے پر سفر کو سب سے زیادہ محفوظ تصور کیا جاتا ہے۔ کیونکہ یہ کافی چوڑی ہوتی ہیں اور موٹر سائیکل سوار اور پیدل چلنے والوں سے سامنا نہیں ہوتا۔ ایک ہی رفتار سے بلا رکاوٹ کی ڈرائیو آپ کو سست بنا سکتی ہے اور آپ کو نیند بھی آ سکتی ہے۔ موٹر وے پر سفر سے پہلے آرام کر لیں اگر گاڑی چلانے کے دوران غنودگی محسوس کریں تو فوراً کوئی محفوظ مقام منتخب کر کے رک جائیں۔ یاد رکھیں کہ غنودگی آپ سے زیادہ طاقتور ہے اور کسی سنگین حادثہ کا سبب بن سکتی ہے۔

رات کے اوقات میں گاڑی چلانے کے فوائد:۔

رش کم ہونے کی وجہ سے رات کی ڈرائیونگ کے چند فوائد بھی ہیں۔ رات کے اوقات میں زیادہ تر ڈرائیورز دن کے نسبت زیادہ محتاط ہو کر گاڑی چلاتے ہیں اور ایک دوسرے کے حقوق کا خیال بھی رکھتے ہیں۔ سامنے سے آنے والی روشنی تنگ جگہوں پر، موڑ کاٹتے وقت آپ کی مددگار ہوتی ہے اور روشنی کی وجہ سے آپ کو دور ہی سے نظر آ جاتی ہے جس کی وجہ سے آپ کو اپنی گاڑی کو کراسنگ کے لیے مناسب وقت دستیاب ہو جاتا ہے اور آپ کو فیصلہ کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔ لیکن یہاں یہ بتاتے چلیں کہ دیہی علاقوں میں رات کے اوقات میں گاڑی چلانے کے فوائد اس کے نقصانات کے نسبت بہت کم ہیں مگر پھر سامنے سے آنے والی روشنی موڑ کاٹنے سے پہلے آپ کو انتباہ کر دیتی ہے۔

سامنے سے آنے والی گاڑی کی چکا چوند روشنی کا سدِ بات کیسے کریں:۔

رات کے وقت پیش آنے والا سب سے بڑا مسلہؑ سامنے سے آنے والی گاڑی کی ہائی بیم ہوتی ہیں جو کہ دوسرے ڈرائیورز کو تقریباً اندھا کر رہی ہوتی ہے۔ آج کل مارکیٹ میں رات کی مناسبت سے عینکیں دستیاب ہیں جو انکی روشنی کو کم کرنے کا دعوٰی کرتی ہیں۔

کیا یہ عینکیں صحیح کام کرتی ہیں؟

مختلف لوگوں کی ان عینکوں کے بارے میں مختلف رائے ہیں کچھ یہ کہتے ہیں کہ یہ کام کرتی ہیں کچھ کہتے ہیں تھوڑی بہت۔ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ یہ پیلے رنگ کی ہوتی ہیں اس لیے روشنی کو منعکس کرتی ہیں جبکہ کچھ کہتے ہیں کہ ان پر موجود کوٹنگ یہ کام کرتی ہے۔ مگر زیادہ حلقہ احباب ان کی کارکردگی سے مطمؑن نظر آتا ہے۔

کیا یہ عینکیں قانونی ہیں؟

تاحال اس بارے میں کوئی قانون سازی نہیں ہوئی تو ان کا غیر قانونی ہونے کا کوئی جواز نہیں ہے ہمارے پاس مگر آنکھوں کے معالج کسی بھی رنگ کی عینک پہن کر گاڑی چلانے کی سفارش بھی نہیں کرتے۔ مگر دیکھا جائے تو ایک ہی رنگ دکھنے کی وجہ سے اسے غیر قانونی ہونا چاہیے۔ مگر ہمارا مشوارہ ہے کہ کسی بھی رنگ کی عینک کے استعمال سے پہلے کسے اچھے آپٹیشن سے رابطہ ضرور کر لیں۔

بریک لائٹس کا استعمال:۔

ٹریفک کی لائن میں کھڑے ہوتے وقت ہینڈ بریک کا استعمال کریں اور پاوؑں کے بریک پیڈل سے اپنا پاوؑں ہٹا لیں کیونکہ پیڈل بریک کی لائیٹ پیچھے موجود ڈرائیور کو متاثر کر رہی ہوتی ہے۔ لیکن بارش یا دھند میں اس کا استعمال مفید ہوتا ہے۔

ہیڈ لائیٹس کا استعمال:۔

گاڑی کی ہیڈ لائیٹس تقریباً تیس میٹر تک جاتی ہیں۔ اور ہائی بیم تقریباً ایک سو میٹر تک جاتی ہیں رات کے اوقات میں اگر سامنے سے کوئی گاڑی، موٹر سائیکل یا پیدل شخص آ رہا ہو تو آپ کو چاہیے کے گاڑی کی کم بیم کا استعمال کریں۔ یاد رکھیں کہ بعض اوقات آپ کی مدھم لائیٹس بھی سامنے والے شخص کو متاثر کر سکتی ہیں ان کے استعمال میں ہمیشہ احتیاط برتیں۔

نئے ڈرائیورز کے لیے ہدایات:۔

ہمارے ہاں کم و بیشتر تمام ڈرائیونگ سکولز صرف دن کے وقت ہی گاڑی چلانا سکھاتے ہیں اور نئے ڈرائیورز کو رات کو گاڑی چلانے کی نہ تو پریکٹس کروائی جاتی ہے اور نہ ہی بتایا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نئے ڈرائیورز رات کے اوقات میں خطرات سے زیادہ دوچار ہوتے ہیں۔ آپ کو اپنے انسٹرکٹر سے ایک یا دو بار رات کی ٹریننگ بھی لینی چاہیے۔ اگر کوئی انسٹرکٹر نہ مل رہا ہو تو پہلی دفعہ رات میں ڈرائیونگ کرنے کے لیے کسی تجربہ کار ڈرائیور کو لازمہ طور پر اپنے ہمراہ رکھیں۔

ہمیں امید ہے کہ آپ ان ہدایات کو اپنی روز مرہ زندگی میں عملی طور پر اپنائیں گے۔ آرٹیکل پسند آئے تو اپنے دوست و احباب سے شیئر ضرور کریں۔

Shopping cart